صدر نیچروان 18

کردوں نے شام میں خود مختاری کا مطالبہ نہیں کیا،صدرکردستان ریجن عراق

بغداد(رپورٹنگ آن لائن)عراقی کردستان کے صدر نیچروان بارزانی سے میونخ میں ملاقات کے بعد شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کردوں نے شام میں “خود مختاری” کا مطالبہ نہیں کیا۔

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت ایک ایسے متحد شام پر یقین رکھتی ہے جو کردوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہو۔نیچروان بارزانی نے شام کی وحدت اور استحکام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شام کا سیاسی فیصلہ دمشق سے ہوتا ہے۔ انہوں نے شامی سرزمین کی سالمیت اور ریاستی اداروں کی مضبوطی پر زور دیا۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون، تعمیر نو اور تجارتی و سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات ہوئی۔

شامی وزارت خارجہ کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ بارزانی نے صدر احمد الشرع کے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور شام میں کردوں کے حقوق کے حوالے سے حالیہ صدارتی فرمان پر اطمینان کا اظہار کیا۔30 جنوری کو دمشق اور قسد کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت کرد فورسز کے سرکاری فوج میں انضمام کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ یہ پیش رفت حلب، دیر الزور اور رقہ میں فوجی جھڑپوں کے بعد سامنے آئی جس کے بعد شامی فورسز نے ان علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ یہ معاہدہ امریکی ثالثی اور کوششوں کے نتیجے میں طے پایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں