کانٹی نینٹل میڈیکل کالج 117

کانٹی نینٹل میڈیکل کالج میں سیرت النبیﷺ کانفرنس، ڈاکٹر عارف رشید اسرار مہمان خصوصی

لاہور(زاہد انجم سے)ماہ ربیع الاول کے اختتام کے حوالے سے کانٹی نینٹل میڈیکل کالج و حیات میموریل ہسپتال میں سیر ت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر اسرار احمد مرحوم کے صاحبزادے ڈاکٹر عارف رشید اسرار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جنہوں نے حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

اس کانفرنس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت،فیکلٹی ممبران اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ پروفیسر عائشہ شوکت نے سیرت النبی ﷺ کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کی زندگی ہر شعبہ ہائے افراد کے لئے مشعل راہ ہے، تاریخ گواہ ہے کہ انہی اصولوں پر ریاست مدینہ کا قیام عمل میں لایا گیا اور مسلمان دنیا بھر میں فاتح ٹھہرے۔

مہمان خصوص ڈاکٹر عارف رشید اسرار نے سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ سے ہمیں زندگی کے تمام شعبوں کے لئے عملی طور پر رہنمائی ملتی ہے جبکہ سیرت النبی ﷺ سے دکھی انسانیت کی خدمت کا خصوصی طور پر درس ملتا ہے۔ڈاکٹر عارف رشید اسرار نے کہا کہ میڈیکل سٹوڈنٹس کو ہمارے پیارے نبی ﷺ کی حیات طیبہ سے خاص طور پر رہنمائی حاصل کرنا چاہیے تاکہ وہ مشکلات میں گھرے لوگوں کی احسن انداز میں خدمت کرنے کے قابل ہو سکیں۔

پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت کا مزید کہنا تھا کہ آپ ﷺ کی ذات اقدس رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے اور آج کے دور میں ہمیں اُن سے رہنمائی کی زیادہ شد و مد کے ساتھ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج میں سیرت النبی ﷺ کا انعقاد زیادہ لائق تحسین ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل عملی زندگی میں اُن اصولوں پر چل کر کامیاب ہو سکے جن کی نشاندہی 14سو برس قبل کر دی گئی تھی۔پرنسپل کانٹی نینٹل کالج و حیات میموریل ہسپتال نے اس کانفرنس کے انعقاد میں طلبا و طالبات کی عملی شرکت کو سراہا اور انہیں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مقررین نے کہا کہ ہمیں اس کانفرنس میں عہد کرنا چاہیے کہ ہم دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور بالخصوص میڈیکل پروفیشن میں اپنی اُن ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآ ہوں گے جن کا ہم سے تقاضا کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر اس امر کو سراہا گیا کہ کانٹی نینٹل میڈیکل کالج میں کسی بھی تہوار اور ہم نصابی سرگرمی کے لئے میڈیکل سٹوڈنٹس ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور آج کی سیرت النبی ﷺ کانفرنس اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں