اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ بورڈ کی جانب سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار پر قومی کرکٹرز نے سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ یہ ا یک انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ ختم کردیا۔انہوں نے کہا کہ کاش کہ دنیا پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ کیلئے جذبہ اور محبت دیکھ سکے ، ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد۔
شعیب ملک نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ افسوسناک خبر ہے ،لیکن ہمیں مضبوط رہنا ہوگا، ہم دوبارہ واپس آئیں گے۔کامران اکمل نے لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ انتہائی مایوس کْن ہے، لیکن یہ سب نیوزی لینڈ کا کِیا دھرا جس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بالکل الفاظ نہیں ہیں،کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی ، یہ ناصرف زندہ رہے گی بلکہ پھلے پھولے گی، پاکستان اور پاکستان کے لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں۔فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ورلڈ کپ جیتنے کا وقت ہے،اب وقت آگیا ہے کہ پی ایس ایل کا سب سے بڑا سیزن پاکستان میں ہو۔









