محمد برجیس طاہر

کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں نوجوان آگے بڑھیں اور تعلیم پر توجہ دیں، برجیس طاہر

ننکانہ صاحب (رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ میرے حلقے میں مسلم لیگ ن کے سوا کسی نے کوئی کام نہیں کرایا،تمام میگا پراجیکٹ میاں نواز شریف کے مرہون منت ہیں،ہم کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، نوجوان آگے بڑھیں اور تعلیم پر توجہ دیں، ملک اور علاقے کو تعلیم کی ضرورت ہے.

سابق گورنر بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی بنانے کیلئے ٹیم بھیجی تویونیورسٹی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے تعلیم یافتہ لوگ تھے،جو کتبے لے کر سامنے آئے اور ٹیم کو واپس بھجوادیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ، مریم نواز شریف اورمسلم لیگ ن کی حکومت میں ہونے والے تمام کام میرے کام ہیں کیونکہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کا کارکن اور مرکزی رہنما ہوں.

اگرکسی کوشک ہے تو سامنے آئے،سیاست میں تلخیوں کی کوئی گنجائش نہیں،عوام کو اشتعال نہ دلایا جائے،عمران خان کے طوفان بدتمیزی کی سیاست نے نوجوانوں کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے، طوفان بدتمیزی کی سیاست ملک اور علاقائی امن کو لے ڈوبے گی۔