ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ اداکار کارتک آریان اور اداکارہ اننیا پانڈے کی فلم تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری کے گانے سات سمندر پار پر تنازع کھڑا ہوگیا۔
بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق فلم تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری 25دسمبر 2025کو سنیما گھروں کی زینت بنی، کارتک آریان اور اننیا پانڈے کی اس فلم کے ابھی بھارت کے بڑے سنیماں میں صرف مارننگ شوز ہی شروع ہوئے تھے کہ تنازع کا شکار ہوگئی۔مشہور نغمہ نگار آنند بخشی کے اہل خانہ نے فلمسازوں کو فلم میں شامل سات سمندر پار گانے کے ریمکس ورژن میں نغمہ نگاری کا غلط کریڈٹ دینے پر آڑے ہاتھوں لیا۔
اصل گانا سات سمندر پار 1992کی فلم وشواتما کا حصہ تھا جسے آنند بخشی نے تحریر کیا، ویجو شاہ نے اس کی موسیقی ترتیب دی تھی جبکہ اسے سادھنا سرگم اور ادت نارائن نے گایا تھا۔ تین دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ گانا آج بھی مقبول ترین گیتوں میں سے ایک ہے۔کارتک آریان اور اننیا پانڈے کی اس نئی فلم میں اس گانے کا ریمکس ورژن شامل کیا گیا جسے کرن نوانی نے گایا اور کارتک آریان مشہور ڈانس گروپ Quick Styleکے ساتھ رقص کرتے نظر آئے۔فلم کے اختتامی کریڈٹس میں آنند بخشی کے ساتھ ساتھ گلوکار کرن نوانی کا نام بھی بطور نغمہ نگار درج کیا گیا جو تنازع کی وجہ بنا۔
نامور نغمہ نگار کے بیٹے اور اسکرین رائٹر راکیش آنند بخشی نے فلمسازوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی اصل گانے میں صرف ایک یا دو لائنیں شامل کر دینے سے کوئی شخص شریک نغمہ نگار بننے کا حقدار نہیں ہو جاتا۔انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پیغام جاری میں پبلشرز پر زور دیا کہ وہ اضافی کام اور اصل کام کے درمیان واضح فرق کریں بالکل اسی طرح جیسے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر میوزک ارینجمنٹ کیلئے کیا جاتا ہے۔راکیش آنند بخشی نے اصرار کیا کہ کریڈٹس میں اس طرح کی تبدیلی سے اصل لکھنے والوں کی خدمات کی اہمیت کم نہیں ہونی چاہیے۔









