وزیراعظم 175

کابینہ اجلاس، وزیراعظم نے کالعدم جماعت کے معاملے پر ارکان کو گفتگو سے منع کردیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے معاملے پر ارکان کوگفتگو سے منع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حساس معاملہ ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی بنادی ہے،وہی تمام معاملہ دیکھے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کوہونیوالے کابینہ اجلاس میں حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کالعدم جماعت تحریک لبیک سے متعلق وزراء کو بیانات دینے سے روکتے ہوئے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے، ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن غیر ذمہ دارانہ بیانات سے فائدہ اٹھاتے ہیں، مذہبی معاملات اور حساس ایشوز پر آئندہ بیانات میں احتیاط برتی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اور معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو رہے ہیں، سٹیئرنگ کمیٹی بنادی ہے،وہی تمام معاملہ دیکھے گی۔کابینہ اجلاس میں اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے نوٹس کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم نے آئندہ پیشی پرتمام وزراء کو اعظم سواتی کے ساتھ الیکشن کمیشن جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اتحاد کا مظاہرہ کریں، اتحاد میں طاقت ہے، دلیری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، اصلاحات لانا آسان نہیں، اس میں مشکلات آتی ہیں ،مل کر سامنا کریں گے، مشکل وقت میں سب کو اکٹھا ہو کر سامنے آنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں