فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرفیصل آباد ڈاکٹرثاقب منیرنے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اسلئے شہری انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں کیونکہ ڈینگی مچھر کی افزائش صرف صاف پانی میں نہیں بلکہ ہر طرح کے گدلے اور آلودہ پانی میں بھی ہو سکتی ہے حتی کہ مچھر کی اس قسم میں گیلی جگہ پر انڈے دینے کی بھی بھر پور صلاحیت موجود ہے یہی وجہ ہے کہ موزوں موسم میں اس کے انڈوں سے لاروے اور مچھر کی آبادی میں اضافے کے باعث نقصانات کا شدید امکان موجود رہتا ہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ 6 سے 8 دنوں کے دوران کسی بھی جگہ پر کھڑے پانی میں ڈینگی مچھر اپنے انڈے دینے کی اہلیت رکھتا ہے اور یہ مچھر صبح اور شام کے وقت کاٹنے کیلئے متحرک ہوتا ہے تاہم کمرے کے اندر روشنی بند ہوتے ہی یہ کاٹنے کیلئے مصروف ہو جاتا ہے اسلئے اس کے خاتمے کیلئے کمروں میں سپرے کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل ڈینگی کے خلاف جہاد میں صف اول کا کر دار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سکول کے بچے اپنے والدین اور محلے کے دیگر افراد کو ڈینگی کے بارے میں خصوصی پیغام پہنچائیں تاکہ ہم کمیونٹی کی سطح پر اس کے خلاف متحرک ہو سکیں۔انہوں نے کہاکہ وہ نہ صرف ڈینگی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی لیکچرز منعقد کروانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں بلکہ عوام الناس بالخصوص طلبا و طالبات کی استعداد کار میں اضافے کیلئے بھی کاوشیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ قرب وجوار کے علاقوں کو بھی صاف رکھیں تاکہ مچھر کی افزائش کو روکنا ممکن ہوسکے۔