واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے محصولات (ٹیرف) کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے اس کشیدگی کو کم کیا۔
امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے 8 جنگیں ختم کرائیں، جن میں سے کم از کم 6 ٹیرف کی وجہ سے رکیں، میں نے کہا اگر تم جنگ بند نہیں کرو گے تو میں تم پر ٹیرف عائد کر دوں گا، کیونکہ میں لوگوں کو مرتے نہیں دیکھنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ تھی اور ان کے بقول یہ جوہری جنگ میں تبدیل ہو سکتی تھی، وہ واقعی آمنے سامنے تھے، 10 طیارے تباہ ہوچکے تھے، حالات بہت سنگین تھے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے جوہری جنگ روکنے میں ان کے کردار کو سراہا اور اعتراف کیا کہ میں نے خطے میں کشیدگی کم کرا کے کم از کم ایک کروڑ جانیں بچائیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 3 دہائیوں سے جاری تنازع کو ڈیڑھ دن میں ختم کرایا، ان کے مطابق انہوں نے متعلقہ ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو امریکا تجارتی اقدامات کرے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں سخت اقدام اٹھائیں گے، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران اس بار سنجیدگی سے بات چیت کر رہا ہے، ایران کو امریکی فوجی طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے، مذاکرات ناکام ہوئے تو فوجی کارروائی کیلئے ایک اوربحری بیڑہ تعینات کر سکتے ہیں۔









