ڈاکٹر فاروق افضل 62

ڈاکٹروں کے عالمی دن کی مناسبت سے پی جی ایم آئی میں تقریب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز معاشرے کے وہ محسن ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت خلوص اور جذبے کے ساتھ ادا کر رہے ہیں، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد نہ صرف بیماریوں کا علاج کرتے ہیں بلکہ مریضوں کو زندگی کی نئی امید بھی دیتے ہیں۔

ڈاکٹروں کے عالمی دن کے حوالے سے پی جی ایم آئی میں نوجوان ڈاکٹرز سے گفتگو میں پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ اپنے پیشے کی عظمت کو ہمیشہ مقدم رکھیں اور جدید میڈیکل تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں مسلسل اضافہ کریں کیونکہ نئی تحقیق، جدید طریقہ علاج اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی ہی مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں آنے والے مریض امید اور اعتماد کے ساتھ ڈاکٹرز کی طرف دیکھتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹرز نہ صرف طبی مہارت بلکہ اخلاقی اقدار کو بھی مقدم رکھیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شفقت کا مظاہرہ کریں۔

پرنسپل نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ ٹیم ورک کو فروغ دیں، سینئرز سے سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں اور اپنے پیشے میں دیانتداری کو ہمیشہ مقدم رکھیں کیونکہ ایک کامیاب ڈاکٹر وہی ہوتا ہے جو علم، مہارت اور انسانیت کے جذبے کو یکجا کر کے معاشرے کی خدمت کرے، امیر الدین میڈیکل کالج، پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال میں نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید تحقیق اور کلینیکل مہارتوں کے فروغ کے لیے جامع اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ علاج معالجہ کے معیار کو مزید بہتر بنا کر مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر پروفیسر صاحبان، نوجوان ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹوڈنٹس بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں