پروفیسر الفرید ظفر

ڈاکٹروں کا روزانہ موت سے سامنا، پیاروں کی جدائی ذیادہ محسوس کر تے ہیں: پروفیسر الفرید ظفر

لاہور5اگست(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال کے 3 ڈاکٹرز کے وفات پا جانے والے حقیقی فیملی ممبرز کیلئے خصوصی تعزیتی اجلاس پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پروفیسر ڈاکٹر فرح شفیع کی والدہ، پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل کی ہمشیرہ اور ڈاکٹر فریحہ شمس کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر آصف بشیر، ڈاکٹر فیاض رانجھا،پروفیسر زصاحبان، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،ایم ایس ڈاکٹر عمراسحاق،صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر حسیب تھند، میڈیکل سٹوڈنٹس اور ہیلتھ پروفیشنلز نے کثیر تعداد موجود تھی۔

تعزیتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ بحیثیت مسلمان مرحومین کو یاد رکھنا اُن کے لئے دعائے مغفرت کرنا ہم سب کی مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور آج کا یہ تعزیتی اجلاس اسی سلسلے کی کڑی ہے کہ ہمیں اپنے خاندانوں میں جدا ہوجانے والوں کو یاد کرتے رہنا چاہیے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہسپتالوں میں روزانہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجے کی ذمہ داریا ں پوری کرتے ہیں اور اُن کے دل اس لحاظ سے زیادہ نرم ہوتے ہیں کہ وہ روز موت کو قریب سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے زندگی کو احسن طریقے سے دوسروں کی بھلائی کے لئے خدمت کرتے ہی گزارنا چاہیے اور ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اپنے مرحومین کو یاد رکھنا اور اُن کی مغفرت کے لئے دعا کروانا لواحقین اور پسماندگان کی ذمہ داری ہوتی ہے تاکہ یہ سلسلہ اُن کے بعد بھی جاری رہے تاکہ اُن کی وفات کے بعد بھی دعا کیلئے ہاتھ اٹھانے کی روایت برقرار رہے۔
اس تعزیتی اجلاس میں ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے ماں اور بہن کے رتبے کے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے مغفرت کی دعا کروائی۔