انکوائری 347

ڈائریکٹر کی سفارش کے باوجود ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی کے خلاف پیڈا کے تحت انکوائری شروع نہ ہوئی

میاں تنویر سرور۔۔۔

ڈائیریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول راولپنڈی کی طرف سے محکمے کے ڈائیریکٹر جنرل کو لیٹر لکھے جانے کے باوجود ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی منظر خالد کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع نہ کی گئی۔

ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی تنویر عباس گوندل نے ڈی جی ایکسائز کو 11 اپریل 2022 کو لکھے جانے والے ایک خط میں سفارش کی تھی کہ ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی منظر خالد کے خلاف بدعنوانی اور نااہلی جیسی بنیادوں پر پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تاہم ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی ڈی جی آفس کی طرف سے منظر خالد کے خلاف کسی قسم کی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔ جس کو راولپنڈی ایکسائز ڈائیریکٹوریٹ میں حیرت کی نظر سے دیکھا رہا یے۔ملازمین کا خیال ہے کہ ڈی جی آفس کی اس لاپرواہی کا نتیجہ اچھا نہیں نکلے گا اور اس عمل سے منظر خالد مزید دلیری کے ساتھ دفتری ڈسپلن اور روز مرہ کے امور سبوتاژ کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی منظر خالد ڈائیریکٹر ایکسائز راولپنڈی تنویر عباس کے کسی زبانی اور تحریری حکم کو تو تسلیم کرتا ہی نہیں لیکن اب اس نے اپنے محکمے کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری کے احکامات اور ہدایات کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینکنا شروع کر دیا ہے۔

زرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی تنویر عباس گوندل نے منظر خالد کے خلاف ڈی جی ایکسائز کو لکھے جانے والے خط میں بیان کیا کہ منظر خالد کو باربار تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لئے تحریری ہدایات جاری کی گئیں لیکن منظر خالد ان ہدایات پر عمل نہیں کرتا ۔ اور تعلیمی اداروں کے گردونواح کی بجائے جی ٹی روڈ پر مندرہ کے علاقے میں ناکے لگا کر آتی جاتی گاڑیوں کو روکتا اور عوام الناس کو تنگ کرتا ہے۔

حالانکہ محکمے کے صوبائی سیکرٹری نے 21 مارچ 2022 کو تعلیمی اداروں میں منشیات بیچنے اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دیا تھا۔لیکن منظر خالد اپنی ٹیم کے ہمراہ تعلیمی اداروں میں منشیات بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی بجائے ٹی روڈ پر ناکے لگا کر عوام الناس کو تنگ اور محکمے کی بچی کھچی ساکھ کو تباہ کرنے کو ترجیحی دیتا ہے

ڈائیریکٹر ایکسائز راولپنڈی کی طرف سے ڈی جی ایکسائز کو لکھے گئے خط میں بیان کیا گیاہے کہ اس سے قبل 27 فروری 2022 کو بھی منظر خالد نے جی ٹی روڈ مندرہ کے علاقے میں ناکا لگا کر چیکنگ شروع کررکھی تھی۔جس پر 16 مارچ 2022 کو اس سے وضاحت طلب کی گئی لیکن اس نے جواب دینا مناسب نہ سمجھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں