شی جن پھنگ 37

چین اور یوراگوئے کے مابین دوستی کی مضبوط بنیاد موجود ہے، چینی صدر

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر موجود یوراگوئے کے صدر یومنڈو اورسی نے ملاقات کی۔منگل کے روز شی جن پھنگ نے اس موقع پر کہا کہ اگرچہ چین اور یوراگوئے جغرافیائی طور پر ایک دوسرے سے دور ہیں، تاہم دونوں ممالک کے خیالات میں ہم آہنگی اور دوستی کی مضبوط بنیاد موجود ہے۔ نئی صورتحال میں دونوں فریقوں کو روایتی دوستی کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمہ جہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین، یوراگوئے کی جانب سے”جی77 اور چین” کی صدارت سنبھالنے کی حمایت کرتا ہے اور گلوبل ساوتھ میں اتحاد و تعاون کے فروغ کے لیے یوراگوئے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، تاکہ مساوی اور منظم کثیر القطبی عالمی نظام اور ہمہ گیر و جامع اقتصادی عالمگیریت کو مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جا سکے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مزید کردار ادا کیا جا سکے۔

شی جن پھنگ کا مزید کہنا تھا چین ہمیشہ چین۔لاطینی امریکہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے، اور یوراگوئے کی جانب سے لاطینی امریکہ و کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی اور جنوبی مشترکہ منڈی کی صدارت سنبھالنے کی بھی حمایت کرتا ہے۔ چین ، یوراگوئے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر چین۔لاطینی امریکہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مزید عملی اور گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

صدر اورسی نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کا فروغ یوراگوئے کی قومی پالیسی کا جزو بن چکا ہے۔ یوراگوئے ایک چین کے اصول اور “ایک ملک، دو نظام” کی پالیسی کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ ہمہ جہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کے تصور کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوراگوئے چین کے ساتھ مل کر لاطینی امریکہ اور چین کے تعلقات کے فروغ اور گلوبل ساوتھ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔

ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان نے سرمایہ کاری کے فروغ، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق دس سے زائد دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔دورے کے دوران دونوں فریقوں نے” چین اور یوراگوئے کے درمیان ہمہ جہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے سے متعلق مشترکہ اعلامیہ” بھی جاری کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں