بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے درخواست پر خلیج تعاون کونسل کے موجودہ چیئرمین اور بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کی۔
جمعرات کے روز بحرینی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں تازہ ترین پیش رفت اور بحرین کے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بحرین چین کے ساتھ رابطے اورہم آہنگی کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کردار سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان کی جانب سے خلیجی علاقے اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن و استحکام کے لیے حالیہ پانچ نکاتی تجویز میں شہریوں اور غیر فوجی اہداف پر حملے بند کرنے، آبنائے ہرمز کی سلامتی کو یقینی بنانے اور معمول کی بحری نقل و حمل کو بحال کرنے سمیت دیگر مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔ جنگ بندی اور جنگ کا خاتمہ عالمی برادری کا مشترکہ مطالبہ ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اقدامات غیر قانونی جنگی اقدامات کی توثیق کرنے کے بجائے تناؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہونے چاہئیں اور تنازعے کو مزید بھڑکانے پر مبنی نہیں ہونے چاہئیں۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور ایک ذمہ دار بڑے ملک کے طور پر، چین بحرین کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے، امن کی بحالی اور دیرپا علاقائی استحکام کے حصول کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے تاکہ گلوبل ساؤتھ کے ممالک، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جائے ۔









