وانگ ای 37

چین اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات ترقی کی جانب گامزن رہیں گے، چینی وزیر خا رجہ

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی وزیر خا رجہ وانگ ای نے بیجنگ میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے چینی امور کے خصوصی ایلچی خالدون المبارک سے ملاقات کی ۔خالدون المبارک متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد کے دورہ چین میں ان کے ہمراہ ہیں ۔

پیر کے روز وانگ ای نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کی حکمت عملی کی رہنمائی میں ، چین اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات ترقی کی جانب گامزن رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کے لئے ایک اہم دورہ ہے۔ وانگ ای نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے یہ دورہ کامیاب ہوگا۔

چینی وزیر خارجہ نے مشرق وسطی کے موجودہ حالات پر چینی موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چین خلیجی عرب ممالک کی جائز حفاظتی تشویش کو مکمل طور پر سمجھتا ہے اور متحدہ عرب امارات کی قومی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند کرنا بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفاد کے مطابق نہیں ہے، اور مسئلہ کے حل کا بنیادی طریقہ سیاسی اور سفارتی ذرائع سے مکمل اور دیرپا جنگ بندی کا حصول ہے ۔

وانگ ای نے کہا کہ چین ہمیشہ امن کے قیام اور جنگ روکنے میں سرگرم رہا ہے، اور دیگر ممالک بشمول متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر مشرق وسطی کے حالات کو جلد از جلد امن اور استحکام کی جانب واپس لانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کو تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں