عاصم باجوہ

چینی کمپنیوں سے نئے معاہدے سے پاکستان میں صنعتوں کو فروغ ملے گا، عاصم سلیم باجوہ

ٹیکسلا(رپورٹنگ آن لائن)چیرمین چائنا پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیوں سے نئے معاہدے سے پاکستان میں صنعتوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے نئی سرمایہ کاری آئے گی، پاکستان اور خطے کیلئے خوشحالی آئے گی۔ٹیکسلا میں6کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کی تقریب سے خطاب میں عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ون کے معاہدوں کو تیزی سے مکمل کیاجارہاہے، فیز ٹو میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائیگی، توانائی کے 8منصوبے مکمل اور 9 زیر تکمیل ہیں۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ایچ ایم سی میں نئی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، معاہدے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، سی پیک منصوبوں سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، پراجیکٹس پاکستانی عوام کو ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ سی پیک ٹو کے تحت نئے ریلوے ٹریک بنائے جائیں گے، حویلیاں میں ڈرائی پورٹ بنایا جائے گا، تمام ریلوے ٹریکس کو بدلا جائے گا، اقدامات سے ریلوے منافع بخش ادارہ بنے گا، چین پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، سی پیک دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کے تحت صوبوں میں خصوصی اکنامک زونز بنائے جائیں گے، اقدامات سے معیشت کو فروغ ملے گا، روزگار پیدا ہوگا، زرعی مشینری ملک میں بنائی جائے گی جو ہم باہر سے منگواتے ہیں، سی پیک ایک حقیقت بنتا جا رہا ہے، 8 انرجی منصوبے مکمل ہوچکے، اقدامات سے قرضوں پر انحصار کم ہوگا، فیز ٹو میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائے گی۔