بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ کے مصر کے سرکاری دورے کے موقع پر، مقامی وقت کے مطابق یکم ستمبر کو، چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومینٹری سیریز “شی جن پھنگ کے پسندیدہ حوالہ جات” کے عربی ورژن کی لانچنگ تقریب مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوئی۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے تقریب کے کامیاب انعقاد پرتہنیتی پیغام بھیجا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائی شیونگ اور مصری وزیر مملکت برائے اطلاعات ضیاء رشوان سمیت خصوصی مہمانوں نے اس تقریب میں اظہار خیال کیا۔ چین اور مصر کے سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور میڈیا کے شعبوں کی ممتاز شخصیات سمیت 100 سے زائد افراد نے اس تقریب میں شرکت کی۔
شن ہائی شیونگ نے کہا کہ مصر عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا عرب اور افریقی ملک ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے صدور کی تزویراتی رہنمائی میں چین اور مصر کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین مصر سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے نئے تاریخی نقطہ آغاز کے موقع پر ، چائنا میڈیا گروپ مصر کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دوستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ نئے دورمیں چین-مصر ہم نصیب معاشرے کی تعمیرکے لئے ایک نیا باب رقم کیا جائے۔
“شی جن پھنگ کے پسندیدہ حوالہ جات” کے عربی ورژن میں قدیم چینی کتب کے ان کلاسیکی اقتباسات کا انتخاب کیا گیا ہے جن کا حوالہ صدر شی جن پھنگ نے اپنی اہم تقاریر، مضامین اور بیانات میں دیا ہے۔ اس ڈاکیومینٹری سیریز میں اقتصادی ترقی، تکنیکی اختراع، ماحولیاتی تہذیب اور سماجی بہبود سمیت مختلف موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ آج سے یہ مصرکے نیشنل ٹیلی ویژن، نیل ٹی وی، ٹوڈے نیوز چینل، سن ٹی وی، اور الاحرام سمیت مصر کے مین اسڑیم میڈیا اداروں کے ساتھ ساتھ افریقی براڈکاسٹنگ یونین، کینیا کے سوئٹ ٹی وی، چاڈ 24 ٹی وی، اور جنوبی افریقہ کے ڈربن ٹی وی جیسے اہم افریقی میڈیا اداروں پر نشر کیا جائے گا۔









