سید یوسف رضا گیلانی 51

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسٹر مسیحی برادری کے لیے روحانی تجدید، امید اور محبت کا عظیم تہوار ہے، جس کے موقع پر خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع نہ صرف روحانی وابستگی کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کا بھی اہم پیغام دیتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خصوصی عبادات میں پاکستان کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کریں اور ساتھ ہی اپنے مذہبی اجتماعات کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور اخوت کا پیغام عام کریں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ اپنی عبادت گاہوں میں بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئینِ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے اور اس ضمن میں مؤثر قانون سازی بھی کی گئی ہے تاکہ تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں قائم مختلف کمیٹیوں کے ذریعے اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں چیئرمین سینیٹ نے ایک بار پھر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے امن، خوشی اور کامیابی کی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں