یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نو منتخب صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، ڈپٹی سیکرٹری جنرل تنویر شوکت اور دیگر عہدیداران کو ان کی کامیابی پر دلی مبارکباددیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سی پی این ای کی نئی قیادت کی کامیابی اور ان پر صحافتی حلقوں کے اعتماد اور عزت کا مظہر ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت آزادی اظہار رائے، جمہوری اقدار کے فروغ اور قومی مفادات کے تحفظ کو مزید تقویت دے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایک باوقار، غیرجانبدار اور باشعور صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سی پی این ای کی نو منتخب ٹیم ملک میں شفاف اور حق پر مبنی اطلاعات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے نومنتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابیوں کی دعا کی۔