خواجہ سعد رفیق

چیئرمین سینٹ ،سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں ،الائونس میں یکایک کئی گنا اضافہ ناقابل فہم اقدام ہے’ سعد رفیق

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں یکایک کئی گنا اضافہ اور 50 فیصد زائد الائونس ناقابل فہم اقدام ہے،اس سے پیشتر اراکین اسمبلی کے مشاہرے بھی بیک جنبش قلم کئی گنا بڑھائے گئے ہیں۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ اعلی عدلیہ کے ججز اور جنرل صاحبان کے مشاہرے اور مراعات پہلے ہی عوامی تنقید کی زد میں ہیں، تنخواہوں میں اضافہ کر لیں لیکن اس کا کوئی طریقہ کار طے ہونا چاہیے اسمبلی کے پاس اپنی مرضی سے آنکھیں بند کر کے اپنی تنخواہوں یا کسی مخصوص طبقے کی تنخواہوں یا مراعات میں اضافہ کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے ۔

تنخواھوں میں اضافہ ہر طبقے کیلئے برابری کی بنیاد پر ہونا چاہیے ، اس ضمن میں لانگ جمپ یا ہائی جمپ سٹائل نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ پارلیمنٹرینز یا دیگر ریاستی اداروں کی تنخواہوں میں اضافہ سالانہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ منسلک کر لیا جاتا۔