پشاور(رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی کو دھچکا، رکن قومی اسمبلی مبارک زیب مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوگئے۔ ایم این اے مبارک زیب نے امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت کو سپورٹ کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میرے بھائی کو شہید ہوئے 8 ماہ گزر گئے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود ہمیں انصاف نہیں ملا، اس لیے میں نے آئینی ترمیم میں حکومت کو ووٹ دیا اور ہمارے ساتھ حکومت نے یہ بھی وعدہ کیا کہ یہ مجھے وفاقی کابینہ میں شامل کریں گے، اس کے علاوہ باجوڑ کیلئے خصوصی فنڈ اور ریحان زیب کی شہادت کیلئے تعاون بھی حکومت کے ساتھ معاہدے کا حصہ ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اورلیگی رہنما امیر مقام کا کہنا تھا کہ میں سوال کرتا ہوں کہ ریحان زیب کی شہادت کے بعد جب مبارک زیب الیکشن لڑ رہا تھا تو پی ٹی آئی نے اس کے مقابلے میں گل ظفر خان کو ٹکٹ دیا، آپ نے کہاں سپورٹ کیا ہے آپ نے تو مخالف امیدوار کھڑا کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ مبارک زیب سے وفادار ہوتے تو اس کے بھائی کے قاتلوں کو گرفتار کرتے اور تفتیش کرتے، مبارک زیب کو بھائی کی شہادت کے معاملے پر وفاق کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور باجوڑ کے ترقی کیلئے حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔