مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری پر منصوبہ بندی کے تحت جلائو گھیرائو کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہو گی، پر امن احتجاج سب کا حق ہے،شہدا کی یادگاریں توڑنا کیسا احتجاج ہے،پی ٹی آئی سیاسی نہیں بلکہ بلوائیوں کی جماعت ہے۔
فیصل آباد میںمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لئے قانون اور دوسروں کے لئے اور تھا،عمران خان کے لئے خاص ماحول بنایا گیا جس کی سزا قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ 9 مہینے توشہ خانہ کیس کو لٹکائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ قانون بلوائیوں کے خلاف اپنا راستہ بنا رہا ہے۔ القادر ٹرسٹ بنا کر لوٹ مار کا کاروبار سر گرم کیا گیا۔منصوبہ بندی کے تحت جلائو گھرائو کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو وہ دن دکھایا جو دشمن بھی نہیں کر سکے۔
عمران خان کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا جس کو وہ برداشت نہ کرسکا، مدینہ کی ریاست کا نام کے کر جھوٹاپرچار کیا اور عوام کے جذبات سے کھیلا۔عمران لاڈلہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے استحکام کیذمہ دار اداروں پر حملہ کیا۔پی ٹی آئی پر اگر پابندی نہ لگی تو مزید نقصان ہو گا۔ عمران خان کو پاکستان پر سازش کے تحت مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول بم،فائرنگ اور پتھرائو سے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر کے گھر تک پہنچنے والوں کو نہ پوچھا گیا تو اور نقصان ہو گا۔
عمران خان کو پارلیمنٹ پر حملے کی کیوں سزا نہیں دی گئی۔ عمران خان کے بلوائیوں نے قومی املاک کو نقصان پہنچایا۔توشہ خانہ میں تلاشی کا کہا گیا تو عمران خان مشتعل ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑایا گیا۔ اب عمران خان اور اس کے ساتھیوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے۔