عظمیٰ بخاری

پی ٹی آئی والے امریکی آقاؤں کے آگے سجدہ ریز ہو چکے ہیں’ عظمیٰ بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے اب اپنے امریکی آقاؤں کے آگے سجدہ ریز ہو چکے ہیں۔ تانگہ پارٹی کا نیا نعرہ ” ہم ہی غلام ہیں” مارکیٹ میں آنے والا ہے۔ پی ٹی آئی نے فتنہ خان کی رہائی کیلئے ٹرمپ کے جیتنے پر نظریں جما لی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نو مئی کا مجرم ہے، اسکا ملٹری ٹرائل ہونا چاہیے۔ فتنہ پارٹی کا ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں، ان کا مقصد افراتفری پھیلانا ہے۔ گنڈا پور کو یہ کہہ کر خوش کیا جا رہا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی میں ان کا ہاتھ ہے۔یہ سیاسی گدھ کبھی نابینا افراد تو کبھی کسانوں کی آواز بننے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مستونگ میں بچوں کی ہلاکت جیسے اندوہناک واقعے کی پنجاب حکومت بھرپور مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ان کا کام افراتفری پھیلانا ہے۔ پی ٹی آئی دور میں جیلوں سے دہشت گردوں کو رہا کیا گیا، جنھوں نے بعد میں زمان پارک میں بچوں کو پیٹرول بمب بنانا سکھائے۔ آج وہی دہشت گرد معصوم بچوں کو قتل کررہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب انتھک محنت کر رہی ہیں۔پنجاب حکومت نے دیوالی کی تقریبات کو سرکاری طورپر منایا ہے۔

دیوالی پر خواتین کی مریم نواز سے محبت دیدنی تھی۔ پنجاب حکومت اقلیتوں کو مینارٹی کارڈ دے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں نو سو بیس بیڈ پر مشتمل چون ارب روپے کی لاگت سینوازشریف کینسر ہسپتال بن رہا ہے جس میں کسی بھی مریض کے علاج کیلئے انکار نہیں کیا جائے گا۔ ایک کینسر ہسپتال جسکی زمین نواز شریف نے دی تھی، آج اس ہسپتال میں مریضوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔ ائیر ایمبولینس کا بزدار حکومت والے اعلان کرتے رہے لیکن اس کا خواب مریم نواز نے شرمندہ تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساڈھے سات لاکھ کسانوں کو مریم نواز کسان کارڈ دیں گی، پنجاب بھر سے کسان کارڈ کیلئے دس لاکھ سے زائد درخواستیں آ چکی ہیں۔

اب تک کسان کھاد بیج اور ادویات کی مد میں کسان کارڈ سے دس لاکھ روپے کی خریداری کر چکے ہیں۔ وزیر اعلی کسانوں کے ساتھ رہ رہ کر کسان بن گئی ہیں۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہزار سپرسیڈر کسان کو دیا جا رہا یے جس سے فصلیں جلانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کسانوں کو آسان اقساط پر ٹریکٹر بھی دیئے جا رہے ہیں۔ مریم نواز چار شہروں ساہیوال،سرگودھا بہاولپور و ملتان میں ایگری کلچر مالز بنائیں گی جس سے کسانوں کو ایک چھت کے نیچے تمام سہولیات میسر ہونگی۔ جو کسان زیادہ گندم پیدا کریں گے ان میں ایک ہزار ٹریکٹر مفت تقسیم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں سموگ انڈیکس 157 پر تھا آج محکمہ ماحولیات نے بتایا کہ بھارت سے فضائی آلودگی آنے کی وجہ سے لاہور کا سموگ انڈیکس ایک ہزار تک پہنچ گیا ہے جو خطرناک ہے۔ وزیر اعلی پنجاب بھارتی وزیر اعلیٰ کو خط لکھیں گی تا کہ مشترکہ کاوشوں سے سموگ سے نجات حاصل کی جا سکے۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد صرف فتنہ فساد ہے۔ کے پی کے سرکاری ملازمین جلسے جلسوں میں ڈیوٹی دیتے رہے اور وہاں عوام رل رہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب ان کا مہاتما کہا کرتا تھا کہ ملٹری ٹرائل ہونا چاہئیں، اب اپنی باری آئی ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ زمان پارک والوں سے پوچھنا چاہیے کہ وہ شہر کی جان کب چھوڑ رہے ہیں۔ نو مئی سے پہلے زمان پارک میں عرس والا ماحول تھا تھا۔ پہلے سے دیوالیہ کے پی کے پیسے اب خان اور اسکی فیملی سیکیورٹی کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔