فرخ حبیب

پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے، فرخ حبیب

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے کھاتوں کی جانچ پڑتال ایک ساتھ قانون کے مطابق یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے اور سیاسی فنڈ ریزنگ کی بنیاد رکھی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ باقی جماعتوں کے پاس فنڈنگ کے ذرائع ہی موجود نہیں ہے، ایک طرفہ کیسز نہ چلائے جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ پی پی پی اور ن لیگ کا کیس 2018 سے اسکروٹنی کمیٹی کی سامنے زیر التوا ہے لیکن پی پی پی اور ن لیگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی مہینوں غیر فعال ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس نہیں ہوتا اس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں اے این پی، ایم کیو ایم، جے یو ایل سمیت درجنوں جماعتوں کی جانچ پڑتال ہی نہیں کی گئی جو کہ قانون کے مطابق ضروری ہے۔