اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے بے اختیارلوگوں سے کیوں بات کرنا چاہتے ہیں؟ جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے کہہ رہے ہیں ہمارے لوگوں کوچھوڑدو۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ مجھے تحریک انصاف کی مذاکرات کی بات سنجیدہ نہیں لگتی۔انہوںنے کہاکہ نومئی کی سازش تیار کی گئی، نو مئی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہے، جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے کہہ رہے ہیں ہمارے لوگوں کوچھوڑدو۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے نام پر یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔وفاقی وزیرنے کہاکہ تحریک انصاف والے22اگست کو پانچ کنال کے پلاٹ پر جلسہ کرنے جا رہے تھے، جو پانچ کنال کا پلاٹ نہیں بھر سکے وہ اتنا بڑا جلسہ کیسے کریں گے۔