لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)36ویں چیئرمین کے انتخاب کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس 13 ستمبر (آج)پیر کی صبح 11 بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوگا۔پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈشیخ عظمت سعید خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔گورننگ بورڈ کے دیگر ممبران عاصم واجد جواد ، عالیہ ظفر ، اسد علی خان ، عارف سعید ، جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان اس خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس کے بعد پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین دوپہر سوا دو بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں واقع باب ولمر انڈور اسکول میں پریس کانفرنس کریں گے، جو پی سی بی کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے براہ راست نشر کی جائے گی۔تمام افراد کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر پی سی بی کے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت صرف رپورٹر کو کانفرنس میں شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ ان افراد کو اپنا کویڈویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی ہمراہ لانا ہوگا۔پریس کانفرنس شروع ہونے سے قبل پی سی بی تمام ٹی وی چینلز کو لائیو فیڈ کا لنک فراہم کرے گا۔