ہاکی فیڈریشن 34

پی ایچ ایف کا آن لائن کلب رجسٹریشن کے لیے اپنا پورٹل کھولنے کا اعلان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی درخواست پر آن لائن کلب رجسٹریشن کے لیے اپنا پورٹل ایک بار پھر کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق یہ پورٹل 27جنوری سے 3فروری رات 12بجے تک فعال رہے گا، تاکہ ملک بھر کے ہاکی کلبز اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکیں۔پی ایچ ایف نے واضح کیا ہے کہ اس بار کھولے گئے نئے پورٹل کے ذریعے صرف نئے ہاکی کلبز رجسٹر ہو سکیں گے اور وہ اپنے کھلاڑیوں کا ڈیٹا بھی سسٹم میں شامل کر سکیں گے تاہم وہ کلبز اور کھلاڑی جو پہلے ہی رجسٹرڈ ہیں، ان کے ڈیٹا میں کسی قسم کی ترمیم یا تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق حسین بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ آئی پی سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں یہ فیصلہ شفافیت، تنظیمی بہتری اور گراس روٹس لیول پر ہاکی کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایک منظم اور مستند کلب ڈیٹا بیس کے بغیر ہاکی کی ترقی ممکن نہیں، اس لیے تمام نئے کلبز کو چاہیے کہ مقررہ وقت کے اندر اپنی جسٹریشن مکمل کریں۔پی ایچ ایف کے جنرل سیکرٹری رانا مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ آن لائن پورٹل کا دوبارہ اجرا ہاکی کے انتظامی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی مشاورت سے کیے گئے اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں فعال ہاکی کلبز اور کھلاڑیوں کا مستند ریکارڈ مرتب کرنا ہے تاکہ مستقبل کی پالیسی سازی، ٹیلنٹ ہنٹنگ اور ترقیاتی منصوبوں کو موثر بنایا جا سکے۔رانا مجاہد علی خاں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن شفافیت اور احتساب کے اصولوں پر کاربند ہے اور رجسٹریشن کے اس عمل سے قومی کھیل ہاکی کو ایک مضبوط اور منظم بنیاد فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں