لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا جس میں ملتان سلطانز کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔پاکستان سپر لیگ 11 میں آج آرام کا دن ہے، ایک روز کے وقفے کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا۔
8 اپریل کو حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹکرائیں گی، پشاور زلمی کی قیادت بابر اعظم جبکہ حیدرآباد کنگزمین کی قیادت مارنس لاپوشین کریں گے، دونوں ٹیمیں شام سات بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے پہلے مرحلے میں 14 میچز کھیلے گئے، جس میں ملتان سلطانز نے 5 میچز کھیلے اور 4 میچز میں کامیاب سمیٹی جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کا دوسرا نمبر ہے، کراچی کنگز نے پہلے مرحلے میں 3 میچز کھیلے اور تینوں میچز جیتںے میں کامیاب رہی، اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا نمپر برقرار ہے، اسلام آباد نے اب تک 4 میچز کھیلے جن میں اسلام آباد تین میچز جیتنے میں کامیاب رہی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
لاہور قلندرز کا پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر ہے، لاہور قلندرز نے 3 میچز کھیلے جن میں 2 میچز میں کامیاب رہی اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسی کے ساتھ پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں نمبر ہے، پشاور نے پی ایس ایل 11 میں 2 میچ کھیلے اور دونوں میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔
اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پی ایس ایل میں 4 میچ کھیلے جس میں سے صرف ایک میں کامیاب رہی اور 3 میچز میں شکست سے دوچار رہی، اور پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر برقرار ہے، مزید براں راولپنڈیز نے 4 میچز کھیلے اور چاروں میں ناکام رہی جبکہ حیدرآباد کنگزمین نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میچز میں ناکام رہی، اس کے ساتھ دونوں ٹیمیں ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ کفایت شعاری پروفرام کے پیش نظر تمام میچز لاہور اور کراچی میں کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔









