ترجمان حکومت پنجاب

پی ایس ایل ایونٹ نے قوم کو خوشیاں دی ہیں‘ ترجمان حکومت پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ایونٹ نے قوم کو خوشیاں دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے پی ایس ایل کے کامیاب اور پرامن انعقاد پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ پی ایس ایل ایونٹ نے قوم کو خوشیاں دی ہیں، پی ایس ایل ایونٹ کا پاکستان میں کامیاب و پرامن انعقاد وزیر اعظم کے ویڑن اور عزم کی عملی تصویر ہے۔حسان خاور کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل کے دوران مثالی انتظامات و اقدامات کیے، شہریوں کو تفریح کی سہولیات فراہم کر کے وزیر اعلی پنجاب کے ویڑن کو پروموٹ کیا۔ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ پی ایس ایل میچ کے تمام تر انتظامات اور اقدامات کے حوالے سے عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر عمل کیا گیا ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ میچ کے دوران امن و امان سمیت دیگر امور حوالے سے تمام متعلقہ اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، ایونٹ کے دوران ذمے داریاں نبھانے والے تمام سیکورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔معاون خصوصی نے کہا کہ پی ایس ایل میلہ کے پر امن اور کامیاب انعقاد نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کھیلوں حوالے سے محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے دن اور رات کی پرواہ کئے بغیر اپنا اپنا کردار نبھایا۔