کراچی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور قابض میئر نے ڈھائی سال کے عرصے میں جماعت اسلامی کے 9ٹائون میں ترقیاتی فنڈ کی مد میں ایک روپیہ تک نہیں دیا ہے ، ہمارے ٹائون چیئر مین محدود مسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود عوامی خدمت اور ترقیاتی کام کر وارہے ہیں ،
مرتضی وہاب پیپلز پارٹی کے 13ٹائون میں سے کسی ایک ٹائون کی کارکردگی دکھا دیں جو جماعت اسلامی کے ٹائونز کا مقابلہ کر سکے ، پیپلز پارٹی نچلی سطح پر اختیارات و وسائل منتقل کرنے پر تیار نہیں لیکن ہم اختیارات و وسائل کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں جس کی عملی مثال مختلف یوسیز کو لوڈنگ وہیکل ،فیو میگیشن مشین اور ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی ہے جن میں وہ یوسیز بھی شامل ہیں جن میں دیگر جماعتوں کے چیئر مین جیتے ہیں ، پیپلز پارٹی 15سالوں میں کراچی کے 3360ارب روپے ہڑپ کر چکی ہے ، اگر یہ رقم کراچی پر خرچ کی جاتی تو کراچی کی موجودہ ابتر حالت نہ ہوتی ، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے وسائل کراچی پر خرچ کیے جائیں ، جماعت اسلامی اہل کراچی کے حق ، مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی ،
عید الفطر کے بعد جینے دو کراچی تحریک مزید تیز کی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ ٹائون یوسی 3بلاک 16میں غفران فیملی پارک اور گلشن اقبال ٹائون یوسی 1ویلفیئر کالونی میں پیور بلاکس ، نکاسی آب کے نظام اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی تکمیل پر ماڈل محلے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریبات سے امیر ضلع شرقی نعیم اختر ، ٹائون چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد ، ٹائون چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ ، وائس ٹائون چیئر مین گلشن اقبال ابراہیم صدیقی و دیگر نے بھی خطاب کیا ، اس موقع پر امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ، ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف ، ٹائون میونسپل کمشنر نواز میر، وائس یوسی چیئر مین مفتی نعمان اللہ صدیقی ، ،فصیح اللہ حسینی ، سیکریٹری اعلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ، منعم ظفر خان نے غفران فیملی پارک اور ماڈل محلے کا دورہ کیا اور ٹائون کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ، اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی’ جن میں خواتین بھی شامل تھیں ، پارک میں اوپن ائیر جم ، پلے ایریا ، سافٹ اینڈ ہارڈ واکنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے ، ویلفیئر کالونی کے علاقہ مکینوں نے 22 سال بعد ہونے والے ترقیاتی کاموں پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ تاجر برادری نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ شہر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اس حوالے سے مکمل ناکام و نااہل ثابت ہوئی ہے ،منعم ظفر خان نے علاقہ مکینوں سے اپیل کی کہ وہ تعمیر و ترقی کے اس سفر میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنایا جا سکے ، نعیم اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی اختیار ملا، اس نے عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ ماضی میں بھی اس علاقے میں ترقیاتی کام کیے گئے تھے اور اب ایک بار پھر اسی روایت کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ 2023 کے بلدیاتی انتخابات میں عوام کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور جماعت اسلامی نے اپنے وعدوں کو عملی شکل دی۔ محدود وسائل اور فنڈز میں کٹوتی کے باوجود ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھ رہی ہے اور 11 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل کی گئی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کرنال بستی اور نشتر بستی سمیت دیگر علاقوں میں بھی جلد سڑکوں کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا اور رواں سال کو تعمیر و ترقی کا سال بنایا جائے گا۔نصرت اللہ خان نے کہا کہ ڈھائی سال کے دوران گلبرگ ٹائون میں 40پارکوں کو بحال کر کے عوام کے لیے کھولا گیا ہے جن میں اوپن ائیر جم بھی شامل ہیں اور غفران پارک میں واکنگ کے لیے ڈبل ٹریک بنایا گیا ہے جو ہارڈ بھی ہے اور سافٹ بھی ، یہ ٹریک پورے شہر میں کہیں کہیں ہی موجود ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ گلبرگ ٹائون کو ماڈل ٹائون بنائیں گے ، ہم پورے شہر کو اپنا شہر سمجھتے ہیں ، کراچی ہمارا دل اور معاشی حب ہے ، یہ قومی خزانے میں 67فیصد ریونیو اور صوبے کے بجٹ کا 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔








