شہباز شریف 48

پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 3 ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کے لیے ریلیف فراہم کرنے کے اہم اقدامات کیے اور آئندہ بھی غریب طبقے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

اجلاس کو پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور سپلائی چین کی باقاعدگی سے نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے استعمال کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں