ہانگ ژو(رپورٹنگ آن لائن)محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے پتہ چلایا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرہ کو کم کرتا ہے۔محققین نے ذیابیطس کا شکار 9ہزار 754 بالغ افراد اور ذیابیطس سے محفوظ 13ہزار662 بالغ افراد کے خون کے نمونوں میں وٹامن سی اور کیروٹینائڈز کی مقدار کا تقابلی جائزہ لیا۔
کیروٹینائڈز ایسا قدرتی مواد ہے جو پودوں، سبزیوں اور پھلوں میں شوخ زرد ، سرخ اور نارنجی رنگ پیدا کرتا ہے۔برطانوی طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق روزانہ خوراک میں 66 گرام پھل اور سبزیوں کے اضافے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ 25 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
ویسٹ لیک یونیورسٹی کے محقق اور اس مطالعے کے پہلے مصنف ، ژینگ جوشینگ نے کہا کہ یہ تجویز کیا گیا ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کی روک تھام میں پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وٹامن سی اور کیروٹینائڈز کی خون میں بلند سطح زیادہ معروضی اور قابل اعتماد ہے اور نئی تحقیق میں پھلوں اور سبزیوں کی خوراک میں مقدار بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔اگرچہ ژینگ نے کسی خاص پھل یا سبزی کی سفارش نہیں کی تاہم غذائی اجزا کے پیش نظر انہوں نے کھانیمیں متنوع خوراک تجویز کی ہے۔