محمد جاوید قصوری 48

پٹرول کی قیمت میں اضافہ اور کمی، مافیا کو نوازنے کا حربہ ہے ‘ جماعت اسلامی پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر محمد جاوید قصوری نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومتی فیصلے غیر واضح اور ابہام کا شکار ہیں، جنہوں نے عوام کو شدید ذہنی اور مالی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی رات میں پٹرول کی قیمت میں 137 روپے کا اضافہ اور پھر اگلی ہی رات 80 روپے کی کمی کسی سنجیدہ پالیسی کا عکاس نہیں بلکہ یہ عوام کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اچانک اور غیر متوازن فیصلے دراصل مافیاز کو فائدہ پہنچانے اور عام آدمی کو گمراہ کرنے کی کوشش ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں کے اندر تیل کی قیمتوں میں اس طرح کی ہیرا پھیری اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ حکومت شفافیت کے بجائے مخصوص طبقات کو نوازنے میں مصروف ہے، جبکہ عام شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

مہنگائی، بے روزگاری اور یوٹیلیٹی بلز میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ حکمران اشرافیہ اپنے مفادات کے تحفظ میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے اور متوسط طبقہ بھی تیزی سے غربت کی لکیر کے قریب پہنچ رہا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں کرپٹ اور نااہل لوگ مسلط رہیں گے، اس وقت تک نہ معیشت مستحکم ہو سکتی ہے اور نہ ہی قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں شفاف قیادت سامنے آئے جو عوام کے مسائل کو ترجیح دے اور دیانتداری کے ساتھ فیصلے کرے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد سیاسی قوت ہے جو اصولوں کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ باشعور ہو کر ایسے عناصر کو مسترد کریں اور ایک بہتر، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں