پٹرولیم مصنوعات

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر لاہور چیمبر کا اظہار تشویش

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت بھاری اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعت و تجارت اور پھر معیشت کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہونگے۔

لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ صنعت و تجارت اور عوام کی تمام سرگرمیاں پٹرولیم مصنوعات سے براہِ راست وابستہ ہیں اس لیے یہ اضافہ تمام سرگرمیوں کو متاثر کرے گا۔

بہتر یہ ہوتا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کے بجائے اس پر ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں کمی کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات صنعتوں کا اہم خام مال ہیں جو پہلے ہی مشکلات سے دوچار اور عالمی منڈی میں جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نشوونما کا دارومدار زرعی شعبے پر ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے زرعی شعبے کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوجائے گا اور تھرمل پاور جنریشن کی لاگت بھی بڑھ جائے گی جس سے صنعتی شعبے کو بہت نقصان ہوگا۔