اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پولیو ایمرجنسی پر آل پارٹیز کانفرنس میں پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوگئیں ۔پولیو ایمرجنسی پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جس میںپاکستان مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، جے یو آئی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ آل پارٹیز کانفرنس نے کہاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،سیاسی جماعتیں پولیو مہمات میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے مطابق پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کیساتھ ملکر کام کریں گے،بچوں کو معذوری اور بیماریوں سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لئے قومی ایمرجنسی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے مطابق انسداد پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات کی رسائی کے لیے سیاسی جماعتیں خصوصی پروگراموں کا انعقاد کریں گے۔ آ ل پارٹیز کانفرنس کے مطابق ویکسین ہر بچے کے لئے لازمی کرنے کے لیے تمام جماعتیں قانون سازی پر بھی کام کریں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے مطابق سیاسی جماعتوں کے رہنما انفرادی طور پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ آ ل پارٹیز کانفرنس کے مطابق عام انتخابات 2023 کے منشور میں بھی پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات کو شامل کریں گے۔ آ ل پارٹیز کانفرنس کے مطابق پولیو ورکرز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔