سندھ ہائیکورٹ 43

پنشن واجبات کی عدم ادائیگی پر سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے پنشن واجبات کی عدم ادائیگی پر سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ ملک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی اسلام آباد کو سی ای او ڈریپ کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو پنشن واجبات کی عدم ادائیگی پر سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار شاہ مظفر امام کی مجموعی طور پر 34 سالہ سروس ہے۔

درخواستگزار کا 28 سال وزارت صحت میں کام کرنے کے بعد ڈریپ میں تبادلہ ہوا۔ ڈریپ نے ریٹائرمنٹ کے بعد گزشتہ سروس کو شامل نہیں کیا اور واجبات کی ادائیگی روک دی۔ توہین عدالت کے ملزمان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ درخواستگزار کی گذشتہ سروس کیوں شامل نہیں کی؟ ڈریپ کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈریپ کے قانون میں گزشتہ سروس کو شامل کرنے کی اجازت نہیں۔ اس بارے قانون سازی کی جارہی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کو اتنا وقت ہوگیا ابھی تک قانون سازی کیوں نہیں کی؟عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اب عدالت اس معاملے کو دیکھے گی۔ آئندہ سماعت پر سی ای او ڈریپ ہر صورت پیش ہوں۔

عدالت نے ڈریپ کے وکیل کی مہلت کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے سی ای او ڈریپ کیخلاف توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو توہین عدالت کیس میں پراسیکیوٹر مقرر کردیا۔ عدالت نے سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ ملک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی اسلام آباد کو سی ای او ڈریپ کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں