سلیم حیدر خان 41

پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے وہ اور وزیراعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں’ گورنر پنجاب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔جرائم کی روک تھام کے لئے موثر اور بھر پور اقدامات اٹھائے۔ انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور ہوم سیکرٹری پنجاب احمد جاوید قاضی سے ملاقات کے دوران کیا ۔گورنر پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاکہ صوبے بھرمیں رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے بہترین اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے وہ اور وزیراعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ پولیس کو صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کوبھر پور خراج تحسین کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے گرد کھیرا تنگ کردیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک سے مکمل طور پر دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں