پنجاب پبلک سروس کمیشن 14

پنجاب پبلک سروس کمیشن کے 13حتمی ،9تحریری نتائج کا اعلان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے 13 حتمی جبکہ 9 تحریری نتائج کا اعلان کر دیا ۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی حتمی منظوری کے بعد سیکرٹری پی پی ایس سی نے نتائج کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ دوسری جانب پی پی ایس سی کا دو روزہ امتحانی سلسلہ بھی کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ترجمان کے مطابق پنجاب سیڈ کارپوریشن محکمہ زراعت میں آفس اسسٹنٹ کی 3 اسامیوں کے لیے 15 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی میں آفس اسسٹنٹ کی 12 اسامیوں کے لیے 97 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے چیف انجینئر پاور انرجی ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ / ہیڈ کلرک کی ایک آسامی کے لیے 5 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ کی 9 اسامیوں کے لیے 43 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں۔ سوائل کنزرویشن گروپ فیلڈ ونگ محکمہ زراعت میں اسسٹنٹ کی 2 اسامیوں کے لیے 10 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ ایگریکلچر انجینئرنگ گروپ فیلڈ ونگ محکمہ زراعت میں اسسٹنٹ کی ایک آسامی کے لیے 5 امیدوار کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس ساہیوال میں اسسٹنٹ کی 5 اسامیوں کے لیے 23 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ماحولیات تحفظ و موسمیاتی تبدیلی محکمہ میں اسسٹنٹ کی 3 اسامیوں کے لیے 13 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف محکموں کی اسامیوں کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کیا ہے۔

محکمہ زراعت کے ریسرچ ونگ میں سینئر سائنٹسٹ جی آئی ایس کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار کو حتمی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سینئر رجسٹرار پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی آنکولوجی کی اسامیوں کے لیے 2 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 2 اسامیاں خالی رہ گئیں۔ اسی محکمہ میں سینئر رجسٹرار پیڈیاٹرک نیورولوجی کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار کامیاب قرار پایا ہے۔ سینئر رجسٹرار آنکولوجی کی اسامیوں کے لیے 2 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 3 اسامیاں خالی رہ گئیں۔ پروفیسر آف سائیکاٹری کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ پروفیسر پیڈیاٹرک ہیماٹولوجی آنکولوجی کی اسامیوں کے لیے 2 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 2 اسامیاں خالی رہ گئیں۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر پروستھوڈونٹکس کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر کیمیکل پیتھالوجی کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار کامیاب قرار پایا ہے۔انسپکٹوریٹ آف مائنز محکمہ مائنز اینڈ منرلز میں پرنسپل / اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ / سیفٹی انجینئر کی ایک آسامی پر ایک امیدوار کامیاب ہوا جبکہ خواتین کوٹہ کی عدم دستیابی پر آسامی اوپن میرٹ پر پر کی گئی۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں نائب تحصیلدار فیصل آباد ڈویژن کی ایک آسامی پر ایک امیدوار کامیاب قرار پایا جبکہ 6 اسامیاں خالی رہ گئیں۔ لوکل فنڈ آڈٹ محکمہ خزانہ سرگودھا میں آڈیٹر کی 8 اسامیوں پر 8 امیدوار کامیاب ہوئے۔

محکمہ زراعت سوائل کنزرویشن گروپ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوائل کنزرویشن کی ایک آسامی پر ایک امیدوار کامیاب ہوا جبکہ واٹر مینجمنٹ ونگ محکمہ زراعت میں ایگریکلچرل اکنامسٹ کی ایک آسامی پر ایک امیدوار کامیاب قرار دیا گیا ہے۔تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر جلد اپ لوڈ کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

کامیاب امیدواروں کی فہرستیں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف اسامیوں کے تحریری امتحان کا دو روزہ سلسلہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔ تحریری امتحان لاہور سمیت پنجاب کی سات ڈویژنوں فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور میں لیے گئے۔ تحریری امتحانات میں محکمہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس میں ایجوکیٹرز کی اسامیوں کے علاوہ اسسٹنٹ پراسیکیوٹر اور کمپیوٹر آپریٹر کے امتحانات بھی منعقد ہوئے۔

چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹینننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی ہدایات پر ممبران کمیشن نے مختلف شہروں میں امتحانی مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر عصمت طاہرہ نے لاہور، محمد صدیق شیخ نے راولپنڈی، محمد حسن اقبال نے ڈی جی خان، محمد مسعود انور نے بہاولپور، ڈاکٹر ارشاد احمد نے فیصل آباد، عامر یاسین نے سرگودھا جبکہ ڈاکٹر نجم وحید نے ملتان کے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔امتحانی مراکز میں سکیورٹی، شفافیت اور سہولیات کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ امتحان کے انعقاد کے لیے پی پی ایس سی کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے مختلف امتحانی مراکز کے سرپرائز دورے کر کے انتظامات کو چیک کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں