لاہور (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بے رحم کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت متاثرہ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان قرضوں کا بڑا پروگرام لارہی ہے۔ وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں ادویات کی مناسب قیمتوں پر فراہمی اور سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ جس میں کوویڈ19کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر دس سے پندرہ ہزار آکسیجن سلنڈر منگوانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آکسیجن فراہم کرنے والی گاڑیوں کو چوبیس گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب لاہور جم ایسوسی ایشن کے صدر مونس چوہدری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے کرونا وبا کے باعث کاروبار کے متاثر ہونے سے درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
صدر ایسوسی ایشن کے کہا کہ ہم اپنے کاروبار کو انڈسٹری کے طور پر ریگولرائز کرانا چاہتے ہیں۔ کرونا کی وبا سے تمام کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جم کے اوقات کار بڑھانے کا معاملہ متعلقہ فورم میں رکھوں گا۔ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے جم بند کردیئے جائیں گے۔