لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) فلور ملز مالکان نے پنجاب حکومت کی گندم اجرا پالیسی کومسترد کرتے ہوئے سرکاری گندم اٹھانے سے انکار کر دیا اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1030 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کی فلور ملز کو سرکاری گندم کے اجرا کی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک پور ے پنجاب میں برابری کی بنیاد سرکاری گندم کا اجرا نہیں ہوگا تب تک گندم کا کوٹہ نہیں لیں گے۔
چیئرمین عاصم رضا نے مزید کہا کہ سرکاری گندم صرف شہری آبادی کے لیے جاری کی جارہی ہے توپھر دیہی آبادی والے کو آٹا کیسے سستادے سکتے ہیں، ہم بازار سے 1900 روپے من گندم لے رہیں لہذا 850 روپے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا نہیں دے سکتے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کابینہ نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 850 روپے مقرر کی تھی جب کہ فلور ملز کو سرکاری گندم 1475 روپے من فراہم کرنیکی منظوری دی تھی۔