لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)پنجاب حکومت کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی بھرپور کاوشوںسے تیار کی جانے والی ہینڈ لوم سے وسیع پیمانے پر استفادہ کرنے کیلئے ہمارے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کرے ، پہلے مرحلے میں اسے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر استعمال میں لایا جائے ، بھارت اس کے ذریعے 34 مختلف مصنوعات تیار کر کے ان کی برآمدات کے ذریعے اربوں ڈالر کا زر مبادلہ حاصل کر رہا ہے ،پاکستان فوری طو رپر 5مصنوعات تیار کر کے ان کی برآمد شروع کر سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کنسلٹنٹ خالد رحمان ، سعید خان ، دنیال حنیف ، ملک اکبر ،امانت علی ، دلاور بیگ اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہینڈ لوم کو وسیع پیمانے پر فروغ دیا جس کے نتیجے میں بھارت برآمدات کے ذریعے اربوں ڈالر کا زر مبادلہ حاصل کر رہا ہے اور اس سے مقامی سطح پر لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہیں۔
پنجاب حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ہینڈ لوم کے تجربے سے استفادہ کرے اور اسے پہلے مرحلے میںپائلٹ پراجیکٹ کے طو رپر شروع کیا جائے ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اس کے لئے حکومت کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ ہینڈ لوم کے ذریعے فوری طو رپر ہاتھ سے بنے قالین، ہر طرح کے دھاگے کی دریاں،کھدر،کرنڈی او رساڑھیاں تیا رکر کے ان کی برآمدات کی جا سکتی ہیں لیکن اس کے لئے حکومت کو پالیسی بنا کر معاونت کرنا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی انڈسٹری کاٹیج انڈسٹری ہے اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے قانون میں لکھا ہوا ہے کہ اس طرز کی انڈسٹری کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے اپیل ہے کہ ہینڈ لوم کو فروغ دینے کیلئے مشاورت کا سلسلہ شروع کریںتاکہ اس سے صوبے میں وسیع پیمانے پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔