محمد جاوید قصوری 34

پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ کیخلاف (کل )ضلعی ہیڈ کواٹرز پر بھرپور احتجاج کریں گے’جماعت اسلامی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا بلدیاتی ایکٹ 2025 عوامی نمائندگی کو کمزور، اختیارات کو بیوروکریسی کے تابع اور بلدیاتی نظام کو بے اثر کرنے کی سازش ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا،اس کالے قانون کے خلاف جماعت اسلامی کل(اتوار )7 دسمبر کو پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر بھرپور احتجاج کرے گی،

ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت جماعت اسلامی کی مرکزی، ضلعی اور مقامی قیادت کرے گی،وسطی پنجاب میں ہونے والے مظاہروں میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اوکاڑہ ، محمد جاوید قصوری ضلع فیصل آباد،ڈاکٹر بابر رشید گوجرانوالہ ،ذکر اللہ مجاہد سیالکوٹ،نصر اللہ گورائیہ شیخوپورہ ،جھنگ میں رانا عبدالوحید خان،حافظ آباد میں رانا تحفہ دستگیر ،ناروال میں محمد اویس گھمن،پاکپتن میں میاں رحمت اللہ وٹو اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مہر بہادر خان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس متنازع قانون میں فوری طور پر ضروری ترامیم کرے، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائے اور عوامی نمائندوں کے اختیارات پر قدغن نہ لگائے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقِ نمائندگی، اختیارات کی منتقلی اور جمہوری اداروں کے استحکام کی جدوجہد جاری رکھے گی اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر ایسے اقدام کی مخالفت کرے گی جو عوامی مفاد اور شفاف جمہوری عمل کے خلاف ہو۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی، سماجی اور معاشی بے یقینی کے جس دور سے گزر رہا ہے،

اس سے نکلنے کے لیے سب سے اہم اور ناگزیر راستہ باہمی افہام و تفہیم، برداشت اور سیاسی تدبر ہے۔ ملکی داخلی معاملات کو سیاسی ڈائیلاگ اور مشاورت کے ذریعے حل کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت بن چکا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے خبردار کیا کہ غیر ملکی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور منفی پروپیگنڈا مسلسل ملک کے اندر انتشار، بداعتمادی، اضطراب اور افراتفری کی فضا کو بڑھا رہے ہیں، جس سے قومی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انتشار پھیلانے والی قوتوں کا اصل مقصد عوام کو تقسیم کرنا، اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا اور ملک کو کمزور کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں