پنجاب حکومت

پنجاب حکومت کا سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کا فیصلہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب حکومت نے سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے دونوں ہسپتالوں میں سٹیٹ آف آرٹ ایمرجنسی ٹاور بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے، منصوبوں سے متعلقہ امور فی الفور نمٹائے جائیں، منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائن طے کر کے مزید اقدامات کئے جائیں، سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور عالمی معیار کے مطابق ہونے چاہئیں، یہ دونوں منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کئے جائیں، ایمرجنسی ٹاورز بننے سے مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔

عثمان بزدار نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے، پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا۔