عظمی بخاری 18

پنجاب حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں تمام صوبوں سے سبقت لے گئی ہے’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں تمام صوبوں سے سبقت لے گئی ہے،انہوں نے زور دیا کہ جب بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بات آئے گی، پنجاب کی حکومت سب سے آگے ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے عوامی دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف پہنچا کر دلی سکون محسوس کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے پنجاب کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا اور ہر مشکل گھڑی میں وہ اپنے عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے پورے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر مفت کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک موجودہ جنگی صورتحال برقرار رہے گی، عوام پبلک ٹرانسپورٹ میں مکمل مفت سفر کی سہولت سے مستفید ہوتے رہیں گے۔

زرعی شعبے کا ذکر کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز ہر اقدام میں کسان بھائیوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دو سالوں میں کسانوں کے لیے کیے گئے تاریخی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا کسان پورے پاکستان کو اجناس فراہم کرتا ہے، اس لیے ان کی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر عوام کے خیر خواہ ہونے کا ڈھونگ رچاتے ہیں، درحقیقت وہ اور ان کی صوبائی حکومتیں سوئی ہوئی ہیں۔وزیراعظم پاکستان کے اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمتوں میں مزید 80روپے کمی کر کے عوام کو بڑی ریلیف دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی کابینہ کی تنخواہوں میں کٹوتی کی ہے اور کفایت شعاری مہم سے حاصل ہونے والی رقم کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں