کراچی(رپورٹنگ آن لائن ) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پنجاب اور کے پی سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ہوائی سفر بند کیا جائے، ورنہ صوبے میں کورونا کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کی شرح بڑھ کر 5فیصد ہو چکی ہے، تاہم پھر بھی صوبے میں پنجاب اور خیبرپختون خوا والے حالات نہیں ہیں، کچھ پیشگی اقدامات کیے ہیں، اور وفاق سے بھی مدد کا کہا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سب کے علم میں ہے کہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سندھ آتے اورجاتے ہیں، سندھ کے بارڈر پر لوگوں کی اسکریننگ کرنا مشکل کام ہوگا، اور اگر لوگ آتے جاتے رہیں گے تو وائرس لوگوں کو نقصان پہنچائے گا، وفاق سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی درخواست کی لیکن ابھی تک وفاق نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، صحیح اقدام نہ کیے گئے تو خدشہ ہے سندھ میں بھی صورتحال خراب ہوسکتی ہے،
وفاق سے مطالبہ ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوامیں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ہوائی سفر بند کیا جائے۔وزیرتعلیم نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ماہرین کی رائے لیتے ہیں، اسٹیئرنگ کمیٹی کی اکثریت نے اسکول بند کرنے کی رائے دی، کل ہم نے صوبے کے اسکولوں سے متعلق نوٹیفیکشن جاری کیا ، آٹھویں جماعت تک کے بچوں کی فزیکل کلاسوں کو بند کرنے سے متعلق تھا، نوٹیفکیشن کے ذریعے آٹھویں کلاس تک تدریس کا عمل معطل کیا، اسکول ایسوسی ایشنز کے کچھ رہنماں نے کل کے نوٹیفکیشن پر اختلاف کیا، ہم نے وہ فیصلہ کیا جو اسٹیرنگ کمیٹی میں تجاویز پیش کی گئیں تھیں،
ٹاسک فورس کے اجلاس میں مختلف محکموں اور اسپتالوں کے لوگ بھی ہوتے ہیں، وہاں یہ تجویز دی گئی تھی کہ دو ہفتے کے لئے تعلیمی ادارے بند کرنے چاہیے یقینا اسکولوں کی بندش کچھ عرصے کے لئے ہے، ہمیں پتہ ہے کہ کورونا صورتحال میں بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوا ہے، لیکن آٹھویں سے اوپر کی جماعتیں چلتی رہیں گی اور رواں سال بچوں کو امتحانات کے بغیر پرموٹ نہیں کیا جائے گا۔