پشاور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان: پشاور زلمی نے سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور تجربہ کار کوچ اظہر محمود کو آنے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن گیارہ کے لیے ٹیم کا اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پی ایس ایل میں سابقہ تجربے اور بین الاقوامی و ڈومیسٹک کرکٹ میں مضبوط پس منظر کے حامل اظہر محمود بولنگ لائن اپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹیم میں شامل ہو رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان قومی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ خدمات انجام دے چکے ہیں اور بولنگ تکنیک اور گیم اسٹریٹیجی پر گہری دسترس رکھتے ہیں۔
ان کی شمولیت سے پشاور زلمی کی بولنگ یونٹ کی کارکردگی مزید نکھر کر سامنے آئے گی اور پی ایس ایل گیارہ میں مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ اظہر محمود کا بین الاقوامی اور مقامی سطح پر وسیع تجربہ انہیں ہمارے کوچنگ اسٹاف کے لیے بہترین انتخاب بناتا ہے، ان کی مہارت ہمارے بولرز کی تیاری اور پی ایس ایل سیزن گیارہ میں ٹیم کی بہترین کارکردگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یہ تقرری پشاور زلمی کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ آئندہ سیزن کے لیے عالمی معیار کا کوچنگ سیٹ اپ اور مضبوط اسکواڈ تشکیل دے رہی ہے۔









