چکن گونیا

پشاور،علاقہ سفید ڈھیری میں 16افراد چکن گونیا وباکاشکار

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) سفید ڈھیری کے علاقے میں چکن گونیا وائرس کے 16 کیسز کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے علاقے کو آؤٹ بریک زون قرار دے دیا ہے اور فوری ردعمل کے طور پر متعدد اقدامات شروع کر دیئے ہیں.

سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ خان کے مطابق چند روز قبل فید ڈھیری میں بخار کی علامات والے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے ، جس پر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر 21 افراد کے نمونے حاصل کیے اور انہیں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب خیبرپختونخوا تجزیئے کیلئے بھجوایا گیا، تجزیئے کے بعد 16 افراد میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی،محکمہ صحت سے جاری ہونے والی ایڈوائزری کے مطابق ڈی ایچ او آفس پشاور میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ صورتحال کی نگرانی اور رابطہ کاری مؤثر انداز میں کی جا سکے.

جبکہ ایپیڈیمیولوجیکل انویسٹی گیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کی وجوہات اور ذرائع کی نشاندہی کی جا سکے ،اسی طرح ویکٹر کنٹرول اقدامات جیسے کہ فوگنگ اور لاروی سائیڈنگ شروع کی گئی ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے ۔محکمہ صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مچھروں سے بچاؤ کی تدابیر اپنائیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق وباکو یونین کونسل کی سطح تک محدود رکھنے کے لیے متاثرہ افراد کی سخت مانیٹرنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کی جا رہی ہے ۔