تنویر سرور۔۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں صوبائی وزیر ایکسائز سردار آصف نکئی کی مبینہ ایما پر محکمے کے سابق اہلکار مسعود وڑائچ کی بڑھتی ہوئی مداخلت اور افسروں و اہکاروں کی من چاہی ٹرانسفر، پوسٹنگز سے محکمے میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اور ڈی جی و سیکرٹری کی طرف سے مسعود وڑائچ کی مداخلت نہ روکنے اور اس کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لانے پر فیلڈ فارمیشن بددلی کا شکار ہونے لگی ہے۔اور اہم افسر رخصت پر جانے کے لئے پر تولنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ریجن اے لاہور اور ڈائیریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ریجن ڈی لاہور کااضافی چارج رکھنے والے افسر نعمان خالد نے 90 دنوں کے لئے چھٹی کی درخواست دیدی ہے۔
پدرخواست میں اگرچہ انہوں نے اپنی صحت اور دیگر مسائل کو بنیاد بنایا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر، سابق اہلکار مسعود وڑائچ سے ڈکٹیشن لینے کو تیار نہیں ہیں۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر نعمان خالد کی چھٹی کی درخواست سے مسعود وڑائچ سخت پریشانی کا شکار ہے اور اس نے مذکورہ افسر کو منانے کی بھر پور کوشش میں ہے تا کہ وہ درخواست واپس لے لیں جبکہ صوبائی وزیر ایکسائز کے ذریعے ڈی جی و سیکرٹری پر بھی چھٹی کی درخواست قبول نہ کرنے کے لئے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے