شہباز شریف 72

پاک ترکیہ برادرانہ تعلقات تیزی سے معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدیوں پر محیط پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تیزی سے جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدیوں پر محیط پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تیزی سے جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں، شہریوں کی انصاف تک رسائی کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے وفد کے حالیہ دورے کے دوران دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت اس سمت میں پہلا قدم ہے جبکہ انصاف کی جلد فراہمی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں بھی تجربات کے تبادلے کی وسیع استعداد موجود ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، امیگریشن اور دیگر شعبوں میں قوانین اور ان کے نفاذ کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس موقع پر ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت ہر ترک کی رگوں میں بسی ہے، ترکیہ کی آئینی عدالت 64 سال پرانی ہے اور اپنے وسیع تجربے کے تبادلے کیلئے پاکستان کے ساتھ پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔

ملاقات میں ترکیہ کی آئینی عدالت کے ججز رضوان گولیچ اور رجائی آق یل، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیر اوغلو بھی شریک تھے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں