عمران خان

پاکستان ہر محاذ پر ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، عمران خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 4سال قبل آج کے دن ترک عوام نے بہادری کی مثال قائم کی اور امن واستحکام، جمہوری اداروں کو محفوظ بنانے کیلئے مثالی جرآت کامظاہرہ بھی کیا، پاکستان ہر محاذ پر ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ایک صدی پہلے ہمارے آباواجداد نے بھی ترک قوم کیلئے قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا تھا۔

تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے قومی دن برائے یکجہتی کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کے نام اہم پیغام جاری کیا۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے حکومت پاکستان،عوام اور اپنی طرف سے جمہوریت،قومی یکجہتی کے دن کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کے دن ہماری حکومت ترکی کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کے عزم کا اظہارکرتی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چار سال قبل آج کے دن ترک عوام نے بہادری کی مثال قائم کی اور امن واستحکام، جمہوری اداروں کو محفوظ بنانے کیلئے مثالی جرآت کامظاہرہ بھی کیا دنیا نے انسانی ہمت اور عزم کی داستان 15جولائی2016کو دیکھی، یہ داستان تاریخ کے اوراق میں درج کردی گئی جو ہمیشہ یاد رکھی جائےگی۔

وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہر محاذ پر ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان دہشت گرد تنظیم فتح اللہ گولن سے نمٹنے کیلئے ترکی کی حمایت جاری رکھےگا، ایک صدی پہلے ہمارے آباواجداد نے بھی ترک قوم کیلئے قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا تھا،

15 جولائی2016 کو بھی پاکستانیوں نے ترک قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا پوری پاکستانی قوم نے ترکش امن، استحکام اور جمہوریت کیخلاف اقدام کی مخالفت کی،ہم نے شہدا کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا تھا