احسن اقبال 16

پاکستان ہاکی کا سنہری دور واپس لانے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہوں گی’احسن اقبال

نارووال(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہاکی کو دوبارہ عالمی سطح پر مقام دلانے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات اور بھرپور مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

نیشنل سپورٹس سٹی میں انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب اولمپکس میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کی شرکت کو گولڈ میڈل کے حصول کی مضبوط امید سمجھا جاتا تھا۔ ہمیں پاکستان ہاکی کا وہی سنہری دور واپس لانا ہے اور قومی کھیل کو دوبارہ عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات، معیاری تربیت اور بھرپور مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کی تعمیر کے باعث انہیں جھوٹے مقدمے کا سامنا کرنا پڑا اور جیل کی کال کوٹھڑی میں بھی رکھا گیا، تاہم نوجوانوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر ان کے تمام زخموں پر مرہم پڑ گیا ہے۔ نارووال میں مقابلے منعقد کروانے کا ان کا خواب آج حقیقت بن رہا ہے، جو نہ صرف نارووال بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی نوجوانوں، بالخصوص بچوں اور بچیوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ یہاں تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی مستقبل میں عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وطنِ عزیز کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی جدوجہد محنت، مسلسل مشقت، عزم اور مستقل مزاجی کی داستان ہوتی ہے، لہذا ہمارے نوجوانوں کو بھی اعلی کارکردگی کے حصول کے لیے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زندگی کے کسی بھی شعبے کا انتخاب کریں، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں اور پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ذریعے عوامی روابط کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے۔نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد نارووال سپورٹس سٹی میں بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور پاکستان و چین کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں